ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / روشن بیگ کی مداخلت سے شیواجی نگر بوٹی مارکیٹ دوبارہ کھل گئے،مارکیٹ کی صفائی یقینی بنانے تاجروں کو سخت تاکید

روشن بیگ کی مداخلت سے شیواجی نگر بوٹی مارکیٹ دوبارہ کھل گئے،مارکیٹ کی صفائی یقینی بنانے تاجروں کو سخت تاکید

Sat, 22 Jul 2017 10:32:37    S.O. News Service

بنگلورو،21؍ جولائی(ایس او نیوز) شہر کے شیواجی نگر علاقہ میں آنے والے بنڈی موٹھ میں واقع بیف اور مٹن بوٹی مارکیٹ جو جابجا گندگی اور غلاظت کی شکایات کے سبب چند دن قبل برہت بنگلور مہانگرپالیکے کی جانب سے بند کردئے گئے تھے، آج انہیں وزیر شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ کی مداخلت اور یہاں کے ذمہ داروں کی طرف سے آئندہ پاکی صفائی کے اہتمام کی یقین دہانی کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا۔ آج صبح جناب روشن بیگ نے بی بی ایم پی جوائنٹ کمشنر سرفراز خان کے ہمراہ دونوں بوٹی مارکیٹوں کا دورہ کیا اور یہاں کی گندگی کو صاف کرنے اور مارکیٹ کی مستقل صفائی یقینی بنانے یہاں پر دکانیں رکھنے والے تاجروں کو سخت تاکید کی ۔ انہوں نے مارکیٹ کھولنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ اس مارکیٹ میں جابجا گندگی اور صفائی کے ناقص انتظام کے خلاف لوک آیوکتہ میں شکایت درج کرادی گئی تھی، جس کے سبب بی بی ایم پی کو مجبوراً کارروائی کرنی پڑی۔ انہوں نے بتایاکہ بوٹی مارکیٹ اور آس پاس کے محلوں میں بنی ہوئی نالیوں کی فوری طور پر صفائی اور بارش کا پانی بہنے کا انتظام کرنے کیلئے 60لاکھ روپیوں کی لاگت سے ڈی سلٹنگ کا کام شروع ہوچکا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ بوٹی مارکیٹوں میں لوگ کھانے کی اشیاء خریدنے کیلئے آتے ہیں ، اگر یہاں پاکی صفائی کا انتظام نہیں رہا تو گاہک بھی اس طرف کا رخ کرنا چھوڑ دیں گے۔اس کا خیال اگر دکانداروں نے نہیں کیا تو پھر ان کی ہی تجارت متاثر ہوگی۔ جناب روشن بیگ نے بتایاکہ جمعیت القریش کی بڑی اور چھوٹی جماعتوں کے نمائندوں نے اس سلسلے میں کل مقامی کارپوریٹر اشتیاق احمد کے ساتھ ان سے ملاقات کی اور ان مارکیٹوں کو کھولنے کی گذارش کی ۔آج انہوں نے خود بی بی ایم پی افسروں سے گذارش کی ہے کہ جمعیت کے ذمہ داران نے تیقن دیاہے کہ مارکیٹ کو پاک وصاف رکھا جائے گا، اسی لئے یہاں پر لگائے گئے تالے ہٹادئے جائیں اور مارکیٹ میں تاجروں کو اپنی تجارت کرنے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے بتایاکہ یہاں جئے پور یا ملک کے دیگر مقامات سے گند آلود بوٹیوں اور دیگر اشیاء کے ڈبے لاکر رکھ دئے جانے کی وجہ سے کافی پریشانی ہورہی تھی، بی بی ایم پی نے اب یہ سخت تاکید کی ہے کہ اس علاقہ میں اگر دوبارہ گند آلود ڈبے لائے گئے تو انہیں قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا اور فوری طور پر ان ڈبوں کو منگوانے والے دکانداروں کے خلاف نہ صرف ایف آئی آر داخل کیاجائے گا، بلکہ ان پر 50ہزارتاایک لاکھ روپیوں کا جرمانہ لاگو کرنے کے ساتھ ان کی دکان کو مستقل طور پر بند کردیا جائے گا۔ جناب روشن بیگ نے کہاکہ اس بار بی بی ایم پی حکام نے ان کی گزارش پر دکانیں کھول دی ہیں ، آئندہ اس معاملے میں کسی طرح کی سفارش کو خاطر میں نہ لانے کی تنبیہہ کی گئی ہے، اس کے باوجود بھی اگر بوٹی مارکیٹ کے دونوں حصوں میں صفائی کا اہتمام نہ کیاگیا تو اس کیلئے مقامی رکن اسمبلی کی حیثیت سے وہ یا پھر مقامی کارپوریٹر کی حیثیت سے اشتیاق احمد ذمہ دار نہیں ہوں گے۔ انہوں نے دکانداروں سے اپیل کی کہ اپنی تجارت کو فروغ دینے کیلئے اپنے ہی مارکیٹ کو پاک وصاف رکھنے میں وہ بی بی ایم پی کا تعاون کریں اور اپنی دکانوں کے پاس گاہکوں کو آنے جانے کیلئے بہتر ماحول فراہم کریں۔ اس موقع پر اشتیاق احمد کے علاوہ جمعیت القریش بیف مرچنٹس اسوسی ایشن کے صدر قاسم اعجاز قریشی ، جمعیت القریش مٹن مرچنٹس اسوسی ایشن کے صدر جی کے اقبال احمد قریشی ، بی بی ایم پی کے متعدد افسران اور دیگر ذمہ داران کے علاوہ بڑی تعداد میں بوٹی مارکیٹ کے تاجر بھی موجود رہے۔


Share: